سری نگر، 11 مئی: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ وہ آج مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کے یونین ٹیریٹری کے ٹرانزیکشن آف بزنس رولز اور ریزرویشن کے معاملات پر بات کریں گے۔
نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ بزنس رولز، ایڈووکیٹ جنرل کی تقرری اور ریزرویشن سے متعلق معاملات اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا، “کاش ہم ایک ہی ملاقات میں ریاستی درجہ حاصل کر لیتے، تو یہ بہت پہلے ہو چکا ہوتا۔ یہ ایک مسلسل عمل ہے، لیکن جب بھی میری ان سے ملاقات ہوتی ہے، میں ریاستی درجہ کی مانگ ضرور اٹھاتا ہوں۔ اس کے علاوہ بھی کئی مسائل ہیں، جیسے ہمارے بزنس رولز، ایڈووکیٹ جنرل کی تقرری اور ریزرویشن کا معاملہ، جسے لیفٹیننٹ گورنر نے نئی دہلی بھیجا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، “بہتر یہی ہے کہ ان تمام معاملات اور دیگر امور پر وزیر داخلہ کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی جائے۔ آج میں ان مسائل سمیت دیگر معاملات پر بھی بات کروں گا۔” —(کے این او)





