ہفتہ, جولائی 18, 2026
23.8 C
Srinagar

’آپریشن سندور‘ دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کا سخت ردِعمل ،ایکس کی ڈسپلے تصویر تبدیل

نئی دہلی،: وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ’آپریشن سندور‘ دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے پختہ ردِعمل اور قومی سلامتی کے تئیں غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

’آپریشن سندور‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جمعرات کو سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ہماری افواج کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم مودی نے تحریر کیا، "ایک سال قبل ہماری مسلح افواج نے آپریشن سندور کے دوران بے مثال ہمت، درست حکمت عملی اور پختہ عزم کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے اُن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جنہوں نے پہلگام میں بے گناہ ہندوستانیوں پر حملہ کرنے کی جرأت کی تھی۔”

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’آپریشن سندور‘ نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے سخت موقف اور قومی سلامتی کے تحفظ کے تئیں ہمارے پختہ عزم کو ثابت کیا۔ اس مہم نے ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاریوں اور مربوط طاقت کو بھی اجاگر کیا۔ ساتھ ہی، اس نے افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تال میل کو ظاہر کیا اور یہ واضح کیا کہ دفاعی شعبے میں ہندوستان کی خود انحصاری کی کوششوں نے ہماری قومی سلامتی کو کتنی مضبوطی فراہم کی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آج ایک سال بعد بھی ہندوستان دہشت گردی کو شکست دینے اور اس کے معاون نظام کو تباہ کرنے کے اپنے ارادے پر پہلے کی طرح قائم ہے۔

 وزیراعظم نریندر مودی نے ایکس کی ڈسپلے تصویر تبدیل کر دی

وزیراعظم نریندر مودی نے آپریشن سندور کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ کی ڈسپلے تصویر تبدیل کر کے ‘آپریشن سندور’ کی تصویر لگا دی ہے اور فوجیوں کی بہادری و حب الوطنی کی ستائش کی ہے۔

آپریشن سندور کی برسی پر ہندوستانی مسلح افواج کی جرأت اور دلیری کو سلام پیش کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ‘ایکس’ پر تحریر کیا، "آپریشن سندور میں ہندوستان کو ملنے والی غیر معمولی فتح ہمارے بہادر فوجیوں کے حیرت انگیز کارناموں اور حب الوطنی کی ایک متاثر کن مثال ہے۔ ان کی ناقابلِ تسخیر ہمت، پختہ عزم اور فرض شناسی پر ہم سبھی کو فخر ہے۔”

انہوں نے اس موقع پر مہابھارت کا ایک شلوک بھی پوسٹ کیا:”اُدیرن منسو یودھا واہنانی چ بھارت۔
یسیاں بھونتی سینایاں دھروَم تسیاں جیم ودیت۔”

اس شلوک کا مفہوم یہ ہے کہ اے بھرت ونشی (یودھشٹر)! جس فوج کے سپاہی اور سواری (گھوڑے، ہاتھی، رتھ وغیرہ) پرجوش اور بلند حوصلے والے ہوں، اس فوج کی فتح یقینی سمجھنی چاہیے۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی فوج نے 07 مئی 2025 کو ‘آپریشن سندور’ شروع کیا تھا اور پڑوسی ملک میں واقع دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا تھا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img