سری نگر،: وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز پہلگام دہشت گرد حملے کی پہلی برسی پر جاں بحق ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ متاثرین کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے 22 اپریل 2025 کے اس حملے کو ایک ایسا سانحہ قرار دیا جو آج بھی قوم کے ضمیر پر بوجھ ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ بھارت کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے سامنے نہیں جھکے گا۔
انہوں نے کہا:”گزشتہ سال آج کے دن پہلگام کے ہولناک دہشت گرد حملے میں جانیں گنوانے والے معصوم افراد کو یاد کر رہا ہوں۔ انہیں کبھی نہیں بھلایا جائے گا۔ اس دکھ کی گھڑی میں میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا:”بطور قوم ہم غم اور عزم میں متحد ہیں۔ بھارت کبھی بھی دہشت گردی کے سامنے نہیں جھکے گا۔ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔”
واضح رہے کہ گزشتہ سال 22 اپریل کو جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں دہشت گردوں نے 26 افراد کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے، جس کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔
اس کے جواب میں بھارت نے 7 مئی کو "آپریشن سندور” کے تحت ایک فوجی کارروائی کی، جس میں پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔
دریں اثنا، وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس حملے کو "بزدلانہ” قرار دیا جس میں بے گناہ جانیں ضائع ہوئیں۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا:”22 اپریل 2025 کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے میں جان بحق ہونے والے معصوم افراد کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہم ان کے اہلِ خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم اپنی قوم پر لگنے والے ان زخموں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔”
راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ بھارت کئی دہائیوں سے سرحد پار دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے، لیکن اب اس کا ردعمل "مضبوط، فیصلہ کن اور غیر متزلزل” ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اقدامات نے یہ واضح کر دیا ہے کہ شہریوں کو نقصان پہنچانے یا قومی اتحاد کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کا جواب "طاقت اور وضاحت” کے ساتھ دیا جائے گا۔





