سری نگر، 6 اپریل: ضلع کُلگام میں پولیس نے منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ تین ہفتوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 10 مقدمات درج کر کے 14 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ان میں سے نو ایف آئی آرز پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ جبکہ ایک پولیس اسٹیشن دیوسر میں درج کی گئی۔
کارروائیوں کے دوران پولیس نے 415.61 گرام ہیروئن، 1,348 گرام چرس، ڈیڑھ کلو بھنگ پتری اور ایک لاکھ 37 ہزار 990 روپے نقد برآمد کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران متعدد بیک ورڈ اور فارورڈ لنکیجز سامنے آئے، جس کے نتیجے میں مزید گرفتاریاں عمل میں آئیں اور ایک وسیع منظم منشیاتی نیٹ ورک بے نقاب ہوا۔
ایک اہم معاملے میں پولیس نے کُریگام میں دو ملزمان سے 278 گرام ہیروئن اور 17 ہزار 100 روپے نقد برآمد کیے۔
مزید تفتیش کے دوران جموں میں ایک بیک ورڈ لنک سامنے آیا، جہاں تلاشی کے دوران 262 گرام ہیروئن برآمد ہوئی اور بین الاضلاعی منشیات نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔
دیگر مقدمات میں بھی مختلف مقامات پر ناکہ چیکنگ اور چھاپوں کے دوران ملزمان سے چرس پاؤڈر، ہیروئن اور بھنگ جیسی منشیات برآمد کی گئیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کُلگام، عنایت علی چوہدری نے کہا کہ پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات فروشی سے متعلق معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں اور مخبروں کی شناخت صیغہ راز میں رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
پولیس کے مطابق ضلع میں منشیات کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔





