بانڈی پورہ: ، حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ شمالی کشمیر میں بھاری برفباری کے باعث بند ہونے والی بانڈی پورہ–گُریز سڑک پر رات بھر جاری آپریشن کے دوران 38 پھنسے ہوئے گاڑیوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔
نیوز ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کے مطابق ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ یہ ریسکیو آپریشن بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے اس وقت شروع کیا جب رازدان پاس کے قریب تازہ برف جمع ہونے کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پھنسے ہوئے مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ سڑک کو بحال کرنے کے لیے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران وادی گُریز میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کے طور پر 85 کلومیٹر طویل اس سڑک پر آمد و رفت محدود کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خطے میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔





