بدھ, اپریل ۱, ۲۰۲۶
15.9 C
Srinagar

آبنائے ہرمز کی بحالی کے بعد بھی عالمی تجارت مہینوں تک متاثر رہنے کا خدشہ: ماہرین

مانیٹرنگ ڈیسک

عالمی ماہرینِ تجارت اور بحری صنعت کے نمائندوں نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش ختم ہونے کے باوجود عالمی شپنگ اور توانائی کی ترسیل فوری طور پر معمول پر نہیں آ سکے گی اور سپلائی چین کی بحالی میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق جرمن شپنگ کمپنی ہیپاگ لائیڈ کے ترجمان نیلز ہاؤپٹ نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے بعد اصل چیلنج شروع ہو گا کیونکہ خلیجی بندرگاہوں پر ایک ہی وقت میں سیکڑوں جہاز پہنچیں گے جس سے شدید لاجسٹک دباؤ پیدا ہو گا۔

بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے مطابق ایران کی جزوی ناکہ بندی کے باعث تقریباً 2000 سے زائد جہاز خطے میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ تقریباً 400 جہاز خلیج عمان میں آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھلنے کے انتظار میں موجود ہیں، کئی جہازوں کو نہرِ سویز یا جنوبی افریقا کے کیپ آف گڈ ہوپ کے طویل راستے سے سفر کرنا پڑا ہے۔

آبنائے ہرمز کی بندش کے دوران دنیا کی تقریباً 20 فیصد خام تیل اور ایل این جی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس سے عالمی توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، سعودی عرب نے اپنی تیل کی ترسیل کو آبنائے ہرمز کے بجائے بحیرۂ احمر کے راستے منتقل کر دیا ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ایسی صورتِ حال کے پیشِ نظر ناروے کی شپ اونرز میوچل وار رسک ایسوسی ایشن کے سربراہ سوین رنگباکن نے کہا ہے کہ بندرگاہیں مکمل صلاحیت پر کام کریں تب بھی تیل، گیس اور سامان کے بیک لاگ کو ختم کرنے میں مہینے لگیں گے جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں 40 سے زائد توانائی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچنے سے صورتِ حال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

امریکی لاجسٹک کمپنی سیف سی کے چیئرمین ایس وی انچن کے مطابق ڈرون حملوں اور غیر روایتی خطرات نے شپنگ انڈسٹری کے رسک ماڈل کو بنیادی طور پر بدل دیا ہے، صنعت کو معمول پر آنے کے لیے طویل عرصے تک مستحکم سیکیورٹی درکار ہو گی۔

دوسری جانب این ایس آئی انشورنس گروپ کے سربراہ آسکر سیکالی کے مطابق انشورنس کے نرخ معمول پر آنے کے لیے مکمل اور مستقل امن ضروری ہے، جزوی استحکام کافی نہیں ہو گا۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے محدود جہازوں کو اپنی علاقائی حدود سے گزرنے کی اجازت دی ہے جبکہ بعض جہازوں نے گزرنے کے لیے تقریباً 2 ملین ڈالرز تک ادا کیے ہیں، ایرانی قانون ساز آبنائے ہرمز سے گزرنے پر فیس عائد کرنے کی منظوری بھی دے چکے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img