نئی دہلی،: کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے ملک کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے مرکزی حکومت پر نشانہ سادھا ہےمسٹر تیواری نے پیر کو یہاں ایک بیان میں کہا کہ جس پاکستان نے پہلگام جیسے واقعات میں ملک کی بہنوں کا سہاگ اجاڑنے کا کام کیا، اسی پاکستان کو آج بین الاقوامی سطح پر ثالث کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جو کہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی ثالثی کی بات کرنے اور اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کو ہندوستان کے لیے انتہائی تشویشناک قرار دیا۔
کانگریس ایم پی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا، "وزیر اعظم مودی نے ‘اب کی بار ٹرمپ سرکار’ کا نعرہ دیا تھا لیکن آج ملک کی خارجہ پالیسی کو کس سمت میں لے جایا جا رہا ہے، یہ ایک بڑا سوال ہے۔” انہوں نے مرکزی حکومت سے واضح جواب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور وقار سے جڑے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اتوار کو کہا تھا کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کو ختم کرنے کے لیے "بامعنی مذاکرات” کی ثالثی اور میزبانی کے لیے تیار ہے۔
یواین آئی




