سرینگر،: جموں و کشمیر حکومت نے ہفتہ کے روز اعلان کیا ہے کہ جاری بجٹ اجلاس کے دوران منشیات سے نجات سے متعلق ایک بل پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اراکین اسمبلی کے سوالات کے جواب میں وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سکینہ ایتو نے بتایا کہ بل تیار ہے اور اسے موجودہ اجلاس میں پیش کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ جہاں پولیس منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کی ذمہ دار ہے، وہیں محکمہ صحت نشے کے عادی افراد کے علاج کا ذمہ دار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ کو منشیات کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض علاقوں میں منشیات کے استعمال میں اضافہ جبکہ کچھ میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
وزیر نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت نجی نشہ چھڑانے کے مراکز کو مریضوں سے من مانے اخراجات وصول کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے اراکین اسمبلی سے کہا، “اگر اس طرح کی کوئی شکایات ہوں تو انہیں حکومت کے نوٹس میں لایا جائے۔” —(کے این او)




