جموں:شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے ایک نمائندہ وفد نے نئی دہلی میں واقع اسلامی جمہوری ایران کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور ایرانی سفیر سے ملاقات کرتے ہوئے جمع شدہ امدادی رقم ان کے حوالے کی۔ ایک تحریری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفد نے ایران کی موجودہ صورتحال پر گہرے رنج و غم اور ہمدردی کا اظہار کیا اور ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وفد نے کہا کہ وہ مشکل حالات میں ایران کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر وفد نے جمع شدہ امدادی رقم باضابطہ طور پر ایرانی سفیر کے سپرد کی، جسے متعلقہ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اس سے قبل جموں کے بٹھنڈی میں ایران میں مبینہ جنگی صورتحال اور نقصانات کے پیش نظر ایک وسیع امدادی مہم کا آغاز کیا گیا تھا، جس میں شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں اور انجمن حسینی بٹھنڈی سنٹرل جموں نے مشترکہ طور پر کردار ادا کیا۔ مہم کی قیادت شیعہ فیڈریشن کے صدر الحاج عاشق حسین خان اور حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید زوار حسین جعفری نے کی۔ اس دوران مومنین نے بھرپور حصہ لیتے ہوئے دل کھول کر عطیات پیش کیے، جبکہ خواتین نے رضاکارانہ طور پر اپنے زیورات بھی اس مقصد کے لیے پیش کیے۔
اسی مہم کے تسلسل میں احتجاجی سرگرمیوں کا بھی آغاز کیا گیا، جس میں جامع مسجد حضرت امام رضا علیہ السلام بٹھنڈی سے شیعہ فیڈریشن کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے مختلف نعرے لگاتے ہوئے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مبینہ جارحیت کی مذمت کی۔

وفد میں مولانا سید مختار حسین جعفری، الحاج عاشق حسین خان، حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید زوار حسین جعفری، الحاج لال دین میر (نائب صدر انجمن حسینی)، الحاج سید فدا حسین رضوی (جنرل سیکرٹری انجمن حسینی) اور الحاج عبد الہادی (سیکرٹری انجمن حسینی) شامل تھے۔
ایرانی سفیر نے وفد کی اس امدادی اور ہمدردانہ کاوش کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات باہمی اخوت اور یکجہتی کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔





