سری نگر،: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چار دنوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں مزید اضافہ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد درجہ حرارت میں کمی درج ہونے کی توقع ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 3 سے 6 مارچ تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ 4 مارچ کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 7 سے 9 مارچ تک موسم مجموعی طور پر ابر آلودہ رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کچھ مقامات پر ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 10 اور 11 مارچ کو بھی موسم کی کم و بیش یہی صورتحال رہ سکتی ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 12 سے 14 مارچ تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 15 اور 16 مارچ کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ وادی میں اگلے چار دنوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کا مزید اضافہ متوقع ہے تاہم اس کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ریکارڈ ہوسکتی ہے۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران اپنے کام جاری رکھ سکتے ہیں۔
دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت 0 سے 1 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے ایک اور مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔





