بدھ, مارچ ۱۱, ۲۰۲۶
12 C
Srinagar

راجوری میں مشتبہ ’پی آئی اے‘ غبارہ برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کردی

جموں،: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے ٹریاٹھ علاقے میں ایک مشتبہ غبارہ ملنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ غبارہ ایک ہوائی جہاز جیسی ساخت رکھتا تھا اور اس پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا نام درج تھا، جس کے باعث مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق یہ غبارہ مقامی لوگوں کی نظر میں آنے کے بعد فوراً ٹریاٹھ پولیس پوسٹ کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع نہایت حساس نوعیت کی ہونے کے پیشِ نظر پولیس ٹیم تیزی سے موقع پر پہنچی اور غبارے کو ضبط کرکے مزید جانچ کے لیے متعلقہ محکمے کے حوالے کر دیا۔ ابتدائی معائنے کے دوران اس میں کسی بھی قسم کے الیکٹرانک، دھماکہ خیز یا نگرانی سے متعلق آلات کی موجودگی کی تردید کی گئی ہے، تاہم پولیس نے کہا ہے کہ معاملے کی ہر زاویے سے جانچ جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اشیاء ماضی میں بھی مختلف سرحدی علاقوں میں پائی گئی ہیں، جن میں سے بعض کو موسمی ہوا کے بہاؤ یا تفریحی سرگرمیوں کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا، تاہم موجودہ حالات میں کسی بھی غیر معمولی چیز کے حوالے سے پوری احتیاط برتی جا رہی ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ غبارے کی اصل سمت، اسے چھوڑنے کا وقت اور ممکنہ مقاصد کا پتا لگانے کے لیے تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسرنے بتایا کہ ’اگرچہ ابتدائی جانچ میں کوئی خطرناک مواد نہیں ملا، مگر پھر بھی سیکیورٹی ایجنسیوں نے معاملہ سنجیدگی سے لیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ کوئی شرارت ہے یا اس کے پس منظر میں کچھ اور ہے۔‘
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسی کسی بھی مشکوک چیز کی اطلاع فوراً قریب ترین پولیس اسٹیشن کو دیں اور افواہوں سے گریز کریں۔ مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فراہم کی جائیں گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img