پیر, مارچ ۲, ۲۰۲۶
17.7 C
Srinagar

امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے جاری ،ایران کا بھی جوابی وار

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف جنگ میں ہونے والی پہلی امریکی اموات کا بدلہ لینے کا عہد کیا۔

نیویارک ٹائمز سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل حملوں کی یہ سطح چار سے پانچ ہفتے تک جاری رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’یہ مشکل نہیں ہوگا۔ ہمارے پاس گولہ بارود کی بہت بڑی مقدار موجود ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس جنگ کے بعد ایران کی قیادت کے لیے تین نامعلوم افراد کی ایک مختصر فہرست موجود ہے جنہیں وہ پسند کرتے ہیں۔

اتوار کو امریکی فوج نے ایران بھر میں اپنے اہداف کا دائرہ بڑھا دیا اور کہا کہ اس نے 1979 سے قائم ایرانی حکومت کے تحفظ کی ذمہ دار ایلیٹ فورس پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کے ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ’آئی آر جی سی کا اب کوئی ہیڈکوارٹر نہیں رہا۔‘

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ پیر کو تہران کے وسط میں ’بڑے پیمانے پر حملے‘ کر رہی ہے اور لبنان بھر میں حزب اللہ پر بھی بمباری کر رہی ہے، جو ایران سے قریبی تعلق رکھنے والی تنظیم ہے۔

اے ایف پی کے ایک صحافی نے بیروت میں دھماکوں کی آوازیں سنیں۔ قبل ازیں ایک اسرائیلی حملے میں کمزور ہونے والی تنظیم حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے خامنہ ای کے خون کے بدلے میں اسرائیل پر راکٹ اور ڈرون داغے ہیں۔

ادھر ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، لیکن پینٹاگون نے کہا کہ ’داغے گئے میزائل اس کے قریب تک نہیں آئے۔‘

ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوجی حملوں میں ایرانی بحریہ کے نو جہاز غرق کر دیے گئے ہیں اور اس کے بحریہ کے ہیڈکوارٹر کو جزوی طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے مطابق حکومت نے امارات سرزمین کو نشانہ بنانے والے ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں تہران میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے او ایران سے اپنے سفیر سمیت سفارتی مشن کے تمام ارکان کو واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img