ٹی20 ورلڈ کپ کے دفاعی چیمپیئن انڈیا کو سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بھاری شکست کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کے لیے دو بڑی کامیابیوں کی اشد ضرورت پڑ گئی ہے۔اے ایف پی کے مطابق انڈیا کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹن ڈوشیٹ نے تسلیم کیا ہے کہ ٹیم نے ’بڑے پیمانے پر غلطی‘ کی ہے اور اب واپسی کے لیے غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی۔
اتوار کو احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں 80 ہزار تماشائیوں کے سامنے انڈیا کو 76 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔188 رنز کے تعاقب میں انڈیا کی ٹیم 18.5 اوورز میں 111 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں ٹی20 ورلڈ کپ میں اس کی 12 میچوں کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ رک گیا۔
اس شکست کے بعد انڈیا کا نیٹ رن ریٹ منفی 3.8 تک گر گیا ہے، جس کے باعث اب سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اسے اپنے باقی دونوں میچ واضح مارجن سے جیتنا ہوں گے، بصورت دیگر دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔
ریان ٹن ڈوشیٹ نے کہا ہے کہ ’جب آپ ورلڈ کپ جیتنے نکلتے ہیں تو کوئی آپ کو آدھے راستے میں کامیابی لا کر نہیں دیتا۔‘ ان کے بقول ’ٹیم نے بڑے پیمانے پر غلطیاں کیں اور اب کھلاڑیوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دو مضبوط کارکردگیوں کے ذریعے صورتحال کو سنبھالیں۔‘
سپر ایٹ مرحلے میں انڈیا کا گروپ جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے پر مشتمل ہے جہاں ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ انڈیا کا اگلا مقابلہ جمعرات کو چنئی میں زمبابوے کے ساتھ، جس نے اس سے قبل آسٹریلیا اور سری لنکا کو شکست دے کر سب کو چونکا دیا ہے۔
اسی روز احمد آباد میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز مدمقابل ہوں گے، جہاں ایک اور کامیابی جنوبی افریقہ کو سیمی فائنل کے قریب پہنچا سکتی ہے۔





