جموں: جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے قانون ساز اسمبلی میں شری ماتا ویشنو دیوی روپ وے منصوبے کی منظوری میں کابینہ کے کسی بھی کردار کو مسرد کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ کی جانچ کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ نہ تو کابینہ اور نہ ہی ایڈمنسٹریٹو کونسل نے اس منصوبے کی منظوری دی تھی۔
عمر عبداللہ نے اسمبلی میں مزید کہا کہ ’’ایک رکن نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ روپ وے منصوبے کو کابینہ نے منظوری دی ہے، تاہم سرکاری ریکارڈ اس کی تصدیق نہیں کرتے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ستمبر 2024 میں منتخب حکومت کی تشکیل سے قبل لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے منظور کیا گیا تھا اور جموں کشمیر کابینہ کا اس میں کوئی بھی رول نہیں ہیں۔ عمر عبداللہ کے مطابق ’’ایوان اور عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ شری ماتا ویشنو دیوی اسمبلی حلقے سے منتخب ایم ایل اے بلدیو راج شرما نے پیر کے روز ایوان میں دعویٰ کیا تھا کہ ’’روپ وے منصوبے کو کابینہ نے منظوری دی ہے‘‘ اور اگر ان کا دعویٰ غلط ثابت ہوا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔





