جموں: بی جے پی لیڈر اور جموں وکشمیر اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما کا کہنا ہے کہ ریاستی درجے کی بحالی بی جے پی کا مدعا ہے اور پارٹی اس کو دے کر ہی رہے گی۔ ان کا الزام تھا کہ نیشنل کانفرنس اس مطالبے کو لے کر ڈرامہ بازی کر رہی ہے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ‘نیشنل کانفرنس کا ریاستی درجے پر اسمبلی کے باہر احتجاج ایک ڈھونگ تھا، وہ دل سے ریاستی درجہ نہیں چاہتے ہیں’۔ ان کا کہنا تھا: ‘نیشنل کانفرنس کا بڑا مطالبہ تھا کہ ان کے مشیر کو کابینہ کا درجہ ملے وہ ان کو مل گیا’۔مسٹر شرما نے کہا کہ ریاستی درجہ بی جے پی کا مدعا ہے اور بی جے پی اس کو دے کر ہی رہے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مرکز نے جموں و کشمیر کو باز آباد کاری کے لئے 1430 کروڑ روپیے دئے جس کا وزیر اعلیٰ نے مرکز کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز نے بطور ایس ڈی آر ایف ریلیف 2 سو کروڑ روپیے فوری طور دئے۔





