جمعہ, نومبر ۷, ۲۰۲۵
12.5 C
Srinagar

اننت ناگ میں زمین ہڑپنے کا بڑا اسکینڈل بے نقاب، 10 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل

سری نگر:  کرائم برانچ کشمیر نے ایک بڑے زمین اسکینڈل کا پردہ فاش کرتے ہوئے 10 افراد کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں داخل کی ہے۔ یہ مقدمہ ضلع اننت ناگ میں فرضی زمین کے معاوضے کی غیر قانونی ادائیگی سے متعلق ہے، جس میں سرکاری افسران اور کئی دیگر افراد کی ملی بھگت سامنے آئی ہے۔

کرائم برانچ کے مطابق، ایف آئی آر نمبر 12/2015 کے تحت درج مقدمے میں دھوکہ دہی (سیکشن 420، 467، 468، 471، 120-بی آر پی سی( اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ5کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے کچھ عہدیداران — جن میں اُس وقت کے تحصیلدار، نائب تحصیلدار، گرداور اور پٹواری شامل ہیں — نے چند مقامی افراد کے ساتھ سازباز کرکے سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی کی۔ ان افسران نے فرضی زمین مالکان کے نام سے جعلی اندراجات کروا کر سرکاری خزانے سے بھاری معاوضے حاصل کیے۔

کرائم برانچ کے بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا کہ معاوضے کی رقم فرضی مستحقین کے نام پر جاری کی گئی، جب کہ ایسی زمین سرے سے موجود ہی نہیں تھی۔ اس کارروائی سے ریاستی خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچا اور عوامی اعتماد کو زک پہنچی۔

کرائم برانچ کے مطابق، تمام ثبوت اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقدمہ عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے تاکہ قانون کے مطابق فیصلہ کیا جا سکے۔

کرائم برانچ کشمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور مالی جرائم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img