جموں: وزیر اعظم نریندر مودی کل جموں و کشمیر کے کٹرا میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے بیس کیمپ سے 46 ہزار کروڑ روپے سے زائد مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس موقع پر وہ کٹرا سے وادی کشمیر کے لیے پہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے، جس سے کشمیر تک براہ راست ریل رابطے کا دیرینہ خواب پورا ہو جائے گا۔
وزیر اعظم کٹرا ریلوے اسٹیشن سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا تا سرینگر اور واپسی کی دو وندے بھارت ٹرینوں کو روانہ کریں گے۔ سرکاری بیان کے مطابق، یہ ٹرینیں مسافروں، سیاحوں اور یاتریوں کو ایک تیز، آرام دہ اور قابلِ اعتماد سفری سہولت فراہم کریں گی۔یہ وزیر اعظم مودی کا جموں کا پہلا دورہ ہوگا جو آپریشن سندور اور 22 اپریل کے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد عمل میں آئے گا۔
اس موقع پر وہ مختلف سڑک منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے اور ان کا افتتاح کریں گے تاکہ بالخصوص سرحدی علاقوں میں "لاسٹ مائل کنیکٹیوٹی” کو فروغ دیا جا سکے۔ان منصوبوں میں رفیع آباد سے کپواڑہ تک قومی شاہراہ 701 کی توسیع، اور شوپیاں بائی پاس روڈ (این ایچ 444) کی تعمیر شامل ہے، جن کی مجموعی لاگت تقریباً 1,952 کروڑ روپے ہے۔
سرینگر میں نیشنل ہائی وے 1 پر سنگرامہ جنکشن اور نیشنل ہائی وے 44 پر بمنہ جنکشن پر دو فلائی اوورز کا افتتاح بھی وزیر اعظم کریں گے، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو سہولت ملے گی۔
وزیر اعظم شری ماتا ویشنو دیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسیلنس کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے، جو کہ ضلع ریاسی کا پہلا میڈیکل کالج ہوگا۔ 350 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والا یہ ادارہ خطے کے صحت کے نظام کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا۔
ریل رابطے کو فروغ دینے کے وعدے کے تحت، وزیر اعظم دنیا کے سب سے بلند ریلوے پل — چناب ریلوے آرچ پل — کا بھی افتتاح کریں گے اور صبح 11 بجے اس کے ڈیک کا دورہ کریں گے۔ 359 میٹر کی بلندی پر واقع یہ پل ایفل ٹاور سے بھی 35 میٹر اونچا ہے اور اسے انجینئرنگ کا شاہکار مانا جا رہا ہے۔اس کے بعد وہ بھارت کے پہلے کیبل-اسٹیڈ ریل پل ’انجی پل‘ کا بھی افتتاح کریں گے، جو انتہائی مشکل زمینی حالات میں تیار کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم دوپہر 12 بجے کٹرا ریلوے اسٹیشن سے وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھائیں گے، جو چناب پل پر سفر کرے گی اور کٹرا سے سرینگر کا سفر اب صرف تین گھنٹے میں مکمل ہوگا، جو کہ موجودہ وقت سے دو سے تین گھنٹے کم ہے۔وزیراعظم مودی ادھم پور-سرینگر-بارہ مولا ریل رابطہ (یو ایس بی آر ایل) منصوبے کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے، جس کی لمبائی 272 کلومیٹر ہے اور اس پر 43,780 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ اس منصوبے میں 36 سرنگیں (119 کلومیٹر) اور 943 پل شامل ہیں، اور یہ کشمیر کو باقی ملک سے ہر موسم میں جڑنے والا رابطہ فراہم کرے گا، جس سے علاقائی نقل و حرکت اور معاشی انضمام میں انقلابی بہتری آئے گی۔