جموں: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے منگل کے روز جموں وکشمیر کے اکھنور میں مسلح افواج کی نویں ‘ویٹرنز ڈے’ تقریب میں شرکت کی۔
اس تقریب میں چیف آف ڈیفنس سٹاف ((سی ڈی ایس) جنرل انیل چوہان، جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، رکن پارلیمان جگل کشور و دیگر فوجی و سول افسروں نے شرکت کی۔
یہ تقریب اکھنور کے ٹانڈہ آرٹلری بریگیڈ میں فوج کی شمالی کمان کے زیراہتمام فورس کے سابق فوجیوں اور ویر ناریوں’ کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔
ایک فوجی ترجمان نے بتایا کہ جموں، اکھنور، پلاں والا، رخمتی، نوشہرہ اور سندربنی سے تعلق رکھنے والے مسلح افواج کے تقریباً ایک ہزار سابق فوجی اس تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں 108 فٹ بلند قومی پرچم لہرایا گیا اور اکھنور میں ہیریٹیج میوزیم کا افتتاح بھی کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ مسلح افواج کے سابق فوجیوں کا دن ہر سال 14 جنوری کو مسلح افواج کے پہلے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل کے ایم کریپا کی خدمات کو تسلیم کرنے کے لیے منایا جاتا ہے،جو سال 1953 میں اس دن ریٹائر ہوئے تھے۔
یہ دن پہلی بار 2016 میں منایا گیا تھا اور اس کے بعد سے ہر سال سابق فوجیوں کے اعزاز میں اس طرح کے انٹرایکٹو پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
