نیوزڈیسک
سرینگر: جموں وکشمیر کے گرمائی صدر مقام سرینگر اور وادی کے مختلف علاقوں میں بدھ کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔سرینگر اور اس کے مضافاتی علاقوںمیں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ عمارتوں اور دفاتر سے کلمہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔
محکمہ موسمیات کے سرینگر مرکز نے ایکس پر اس حوالے سے اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وادی میں بدھ کی صبح10بجکر43منٹ پر 5.2شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اس کا مرکز افغانستان تھا جبکہزیر زمین اسکی گہرائی192کلو میٹرتھی ۔
ادھر پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی ہے۔ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد، پشاور اور مضافاتی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ عمارتوں اور دفاتر سے کلمہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جن میں نوشہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ اور ہزارہ کے دیگر اضلاع بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اٹک، مہمند، لنڈی کوتل، صوابی، تیراہ، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، خیبر، سوات، دیرلوئر، چارسدہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی ہے اور زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش تھا جب کہ زلزلے کی گہرائی 220 کلومیٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی۔