اتوار, جون ۸, ۲۰۲۵
17.7 C
Srinagar

میر واعظ عمر فاروق کو ساتھیوں سے ملاقات کی اجازت دینا سیاسی ماحول میں تبدیلی کا اشارہ: الطاف بخاری

سری نگر،: جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے میر واعظ عمر فاروق کی ان کے ساتھیوں کے ساتھ ملاقات کی اجازت کو جموں و کشمیر کے سیاسی ماحول میں ایک تبدیلی کا اشارہ قرار دیا ہے۔

بتادیں کہ میر واعظ عمر فاروق نے منگل کو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک مختصر ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں ان کو پروفیسر عبد الغنی بٹ، مولوی مسرور عباس انصاری اور بلال لون کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
میر واعظ نے اپنے پوسٹ میں کہا: ’الحمد اللہ؛ زائد از پانچ برسوں کے بعد اپنے عزیز ساتھیوں، پروفیسر صاحب، بلال صاحب اور مسرور صاحب کے ساتھ ملنے کا موقع ملا‘۔انہوں نے کہا: ’جیل میں بند ساتھیوں کے احساسات سمیت مختلف جذباتی احساسات کا تجربہ ہوا‘۔ان کا مزید کہنا تھا: ’لیکن اس عمر میں محترم پروفیسر صاحب کو ہشاش بشاش اور ان کا مستعد دماغ دیکھ کر خوشی ہوئی‘۔

الطاف بخاری نے اس ملاقات کے رد عمل میں ’ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ’یہ سن کر خوشی ہوئی کہ میر واعظ عمر فاروق صاحب اور ان کے ساتھیوں کو ایک طویل مدت کے بعد بالآخر ملاقات کی اجازت دی گئی ہے‘۔انہوں نے کہا: ’یہ جموں و کشمیر کے سیاسی ماحول میں واضح تبدیلی کی طرف ایک اشارہ ہے ایک ایسی تبدیلی جو لوگوں کے وسیع تر مفادات کو آگے بڑھانے کی بڑی صلاحیت رکھتی ہے‘۔

موصوف صدر نے اپنے پوسٹ میں مزید کہا: ’سیاسی اور نظریاتی اختلافات کے باوجود تمام اسٹیک ہولڈرز خاص طور پر سیاسی ادارے جموں و کشمیر کے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں جو امید، امن، خوشحالی اور لوگوں کی بھلائی سے بھر پور ہوگا‘۔

Popular Categories

spot_imgspot_img