سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں کئی مقامات پر 13 جولائی تک رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 6 جولائی کو کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں انہوں نے کہا کہ 7 جولائی کو بھی کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 8 سے 19 جولائی تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ جموں خطے میں کہیں کہیں صبح یا شام کے وقت گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں جموں و کشمیر میں 11 سے 13 جولائی تک کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ جموں وکشمیر میں 6 جولائی کو خطرناک مقامات پر سیلابی ریلے، مٹی کے تودے، زمین کھسکنے اور پتھر گر آنے کے بھی امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض نشیبی علاقوں میں عارضی طور پر پانی بھی جمع ہوسکتا ہے۔
ادھر سری نگر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوراب 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 1.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 18.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
دریں اثنا وادی میں بارشوں کے باعث شبانہ درجہ حرارت کہیں معمول سے کم تو کہیں معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت19.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت13.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت19.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت16.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔