ہم نے پی ڈی پی کے فارمولا کی بنیاد پر کشمیر کی تین سیٹوں پر اپنے امید وار کھڑا کرنے کا اعلان کیا: عمر عبداللہ

ہم نے پی ڈی پی کے فارمولا کی بنیاد پر کشمیر کی تین سیٹوں پر اپنے امید وار کھڑا کرنے کا اعلان کیا: عمر عبداللہ

سری نگر: پی ڈی پی کی طرف سے کشمیر کی تینوں لوک سبھا سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرنے اعلان کے رد عمل میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ یہ پی ڈی پی کی مرضی ہے لیکن نیشنل کانفرنس نے اسی پارٹی کے فارمولا کے بنیاد پر کشمیر کی تین لوک سبھا سیٹوں پر اپنے امید وار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے انہوں نے کہا کہ اس سے لگتا ہے کہ پی ڈی پی اسمبلی انتخابات میں بھی کسی طرح کا الائنس نہیں چاہتی ہے۔

موصوف نائب صدر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا: ‘اگر پی ڈی پی پانچوں لوک سبھا سیٹوں پر اپنے امید وار کھڑا کرنا چاہتی ہے تو یہ اس پارٹی کی مرضی ہے لیکن ہم نے اسی پارٹی کے فارمولا کے بنیاد پر کشمیر کی تین لوک سبھا نشستوں پر اپنے امید وار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘جب ڈی ڈی سی انتخابات ہوئے تھے تو ہم نے اس وقت کہا تھا کہ 2019 کے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے مطابق امید وار کھڑا ہونے کا فیصلہ ہونا چاہئے جو پی ڈی پی کو قبول نہیں تھا ان کا کہنا تھا کہ 2014 کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے مطابق امید وار کھڑے کرنے کا اعلان ہونا چاہئے پھر فیصلہ یہ ہوا تھا کہ جس پارٹی نے جس سے سیٹ جیتا ہے وہاں سے اسی پارٹی کا امید وار کھڑا ہوگا، ہم اس پر قائم ہیں ہم نے اسی فارمولا کی بنیاد پر کشمیر کی تین سیٹوں پر اپنے امید وار کھڑا کئے ہیں’۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ اگر پی ڈی پی نے پانچوں لوک سبھا سیٹوں پر اپنے امید وار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے، تو شاید وہ اب اسمبلی انتخابات میں بھی کسی طرح کا الائنس نہیں چاہتی ہے۔

غلام نبی آزاد کے اننت ناگ- راجوری – پونچھ سیٹ سے لوک سبھا انتخابات لڑنے کے اعلان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘میں حیران ہوں کہ آزاد صاحب نے اس نشست سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے، میں سمجھتا تھا کہ وہ اودھم پور سے لڑیں گے جو ان کا مضبوط قلعہ ہے، لہذا مجھے دال میں کچھ کالا لگتا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس نے اس نشست کے لئے سب سے زیادہ مضبوط امید وار میاں الطاف کو کھڑا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی دو مزید لوک سبھا نشستوں کے امیدواروں کے اعلان کا فیصلہ پارٹی کا پارلیمانی بورڈ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان سیٹوں کے لئے جس کو کھڑا کیا جائے گا وہ ایک مناسب امیدوار ہوگا اور ہم امید کرتے ہیں لوگ وسیع پیمانے پر ہمارے امید واروں کو ووٹ دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.