سری نگر: ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر بلال معراج الدین بٹ کا کہنا ہے کہ روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لئے میڈیا اور سوسائٹی کا بہت بڑا رول ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح منشیات کی وبا کے خلاف ہم سب مل کر کام کر رہے ہیں اسی طرح ہمیں روڈ سیفٹی کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔
موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں ایک تقریب کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘روڈ سیفٹی ہماری ترجیح ہے اس کے متعلق آج یہاں امر سنگھ کالج میں ایک جانکاری تقریب منعقد ہوئی ہم دیکھ رہے ہیں کہ سڑک حادثات سے جانی نقصان ہو رہا ہے اور یہحادثات کی تعداد بڑھ رہی ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘جس طرح ہم منشیات کے خلاف مل جل کر لڑ رہے ہیں اسی طرح روڈ سیفٹی کے لئے بھی تمام لوگوں کو مل کر کام کرنا ہے اور میڈیا کا اس میں اہم رول ہے’۔
ڈاکٹر بلال معرالدین نے لوگوں سے تاکید کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کرکے سڑک حادثات سے بچیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ گاڑیاں چلاتے وقت تمام تر قوانین پر عمل کریں اس طرح سڑک حادثات کو کم کیا جا سکتا ہے۔