جموں و کشمیر میں شری گرو نانک دیو جی کا 554 واں یوم پیدائش جوش و خروش سے منایا گیا

جموں و کشمیر میں شری گرو نانک دیو جی کا 554 واں یوم پیدائش جوش و خروش سے منایا گیا
سری نگر: وادی کشمیر میں پیر کے روز سخت سردی کے بیچ سکھ مذہب کے بانی و پہلے گرو شری گرو نانک دیو جی کا 554 واں یوم پیدائش انتہائی مذہبی و جوش و جذبے اور تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔وادی کے قرب و جوار میں پیر کی صبح ٹھٹھرتی سردی کے باوجود سکھ برادری کے لوگوں، جو نئے کپڑے زیب تن کئے ہوئے تھے، کا گردواروں اور دوسری مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔
اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد جن میں مر و زن اور پیر و جواں شامل تھے، صبح سے ہی جمع ہو کر دعائوں میں حصہ لے رہی تھے۔
جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ آر آر سوین نے دیگر اعلیٰ افسروں کے چھٹی پادشاہی پہنچ کر دعائوں اور منتوں میں حصہ لیا۔
انہوں نے اس موقع پر گرو نانک دیو جی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ گرو جی مساوات، بھائی چارے اور ہمدردی کی تعلیمات کے لئے ہمیں اپنے آپ کو وقف کرنا چاہئے۔
ایک عقیدت مند نے یو این آئی کو بتایا کہ ہم اس مقدس موقع پر وادی اور ملک کی خوشحالی و ترقی کے لئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال یہ مقدس دن جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے اور تمام برادریوں کے لوگ اس میں شرکت بھی کرتے ہیں اور مبارک باد بھی پیش کرتے ہیں۔
بتادیں کہ چھٹی پادشاہی گردوارہ ایک تاریخی جگہ پر قائم ہے جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی (رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر قریب میں ہی واقع ہیں۔
خصوصی تقریبات کا انعقاد جنوبی کشمیرکے بجبہاڑہ اور مٹن میں ہوا جہاں گرو نانک دیوجی نے لداخ کے راستے چین جانے سے قبل کچھ وقت کے لئے قیام کیا تھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ چین جانے سے قبل گرو جی کچھ وقت کے لئے لیہہ میں بھی رکے تھے جہاں بعد میں ایک گردوارہ تعمیر کیا گیا تھا۔
کشمیری مسلمان اور کشمیر پنڈت سکھوں کو گرو نانک دیوجی کے 554 ویں جنم دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
خطہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی گرو نانک دیوجی کا جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
شری گرو نانک دیوجی گردوارہ چاند نگر جموں سمیت شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ خطہ کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں میں ضلعی گردوارہ پربندھک کمیٹیوں کی جانب سے صوبہ جموں کے سبھی گردواروں میں ‘گور پورب’ کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سکھ مذہب کے بانی گرو نانک دیو جی کا جنم غیر منقسم ہندوستان کے لاہور کے تلونڈی (ننکانہ صاحب) میں 15 اپریل 1469 کو ہوا اور وفات 22 دسمبر 1539 کو شہر کرتار پور میں ہوئی۔ گورونانک دیو جی سکھ مذہب کے بانی اورپہلے گرو ہیں۔
دریں اثنا سکھ مذہب کے بانی شری گرو نانک دیو جی کے یوم پیدائش پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے
انہوں نے کہا: ‘گرو نانک جی کی مساوات، بھائی چارے اور ہمدردی کی تعلیمات آج کے دور میں بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور ہمیں اپنے آپ کو ان تعلیمات کے لئے دوارہ وقف کرنا چاہئے’۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.