کشمیر میں سردی کا زور جاری، سری نگر میں سرد ترین رات ریکارڈ، پہلگام سرد ترین جگہ

کشمیر میں سردی کا زور جاری، سری نگر میں سرد ترین رات ریکارڈ، پہلگام سرد ترین جگہ
سری نگر: وادی کشمیر میں سردی کا زور مسلسل جاری رہتے ہوئے سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں سیزن کی ایک اور سرد ترین رات درج ہوئی ہے۔ادھر سری نگر کے کئی علاقوں میں بدھ کی صبح بھی دھند چھائی رہی جس سے صبح کے وقت گھروں سے نکلنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سری نگر مختار احمد کا کہنا ہے کہ سری نگر میں صبح کے وقت دھند چھائی رہنے کا سلسلہ 27 نومبر تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام سب سے سرد علاقہ رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے منفی1.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ادھر خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 23 نومبر کو وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد 24 سے 26 نومبر تک موسم ایک بار پھر خشک رہنے کی ہی توقع ہے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی میں 27 سے 30 نومبر تک موسم ابر آمود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں ماہ رواں کے آخر تک موسم بڑے پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.