سری نگر:فوج کی 28 انفنٹری ڈویژن کے جی او سی گریش کالیہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پرامسال دراندازی کی آٹھ کوششوں کے دوران 27 ملی ٹینٹ مارے گئے اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور منشیات برآمد کیا گیا ۔
ٓانہوں نے کہاکہ کشمیر میں حالات کافی بہتر ہوئے اور ملی ٹینسی کے واقعات میں بھی غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔
ان باتوں کا اظہار کور کمانڈر نے یہاں منعقد کی گئی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
جی او سی گریش کالیہ نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے جموں وکشمیر کے پر امن حالات کو درہم برہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم سیکورٹی ایجنسیاں ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کی انتھک کوشش کے نتیجے میں کشمیر میں حالات بہتر ہوئے جس وجہ سے یہاں تعمیر وترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے کے ساتھ ساتھ سیاحتی شعبہ بھی ترقی کے نئے منازل طے کر رہا ہے۔
جی او سی نے کہا کہ امسال آٹھ ماہ کے دوران ایل او سی پر آٹھ مرتبہ دراندازی کے واقعات رونما ہوئے جنہیں سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا کر 27ملی ٹینٹوں کو تصادم آرائیوں کے دوران ہلاک کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور ممنوع نشیلی اشیاءبھی برآمد کی گئی۔
جی او سی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کشمیر میں خرمن امن میں آگ لگنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم جوں ہی وہ اس طرح آئے انہیں ایل او سی پر ہی مار گرایا گیا۔
مژھل میں پانچ ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فوجی کمانڈر نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس اور فوج نے مشترکہ آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنایا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہلوک دہشت گرد جدید ہتھیاروں سے لیس تھے جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ یہاں پر حالات خراب کرنے کی نیت سے اس پار داخل ہوئے۔
اس موقع پر ایس ایس پی کپواڑہ یوگل منہاس نے کہاکہ مضبوط انٹیلی جنس گرڈ کی بدولت دہشت گرد وں کے منصوبوں کوناکام بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ معتبر ذرائع سے اطلاع ملنے کے بعد فوج اور پولیس نے مژھل سیکٹر میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران پانچ ملی ٹینٹ مارے گئے۔
ان کے مطابق فینسنگ کے نزدیک ہی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی اور جوں ہی ملی ٹینٹوں نے اس طرف آنے کی کوشش کی تو انہیں للکارا گیا جس دوران دبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
ایس ایس پی نے کہاکہ ابتدائی فائرنگ میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے اور بعد ازاں تصادم کی جگہ مزید تین ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔
انہوں نے کہاکہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا ۔
بتادیں مژھل سیکٹر میں جمعرات کے روز سیکورٹی فورسز نے تصادم آرائی کے دوران پانچ عدم شناخت ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ۔
یو این آئی