گپکار الائنس کے لیڈران جموں وکشمیرکے خلاف سازشیں رچا رہے ہیں :رویندر رینا

گپکار الائنس کے لیڈران جموں وکشمیرکے خلاف سازشیں رچا رہے ہیں :رویندر رینا

جموں:بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے بدھ کے روز کہاکہ گپکار الائنس کے لیڈران سازشیں رچا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ لوگ جموں وکشمیر کے پر امن حالات سے خوش نہیں ہیں ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
رویندر رینا نے کہاکہ گپکار الائنس کی جموں میں کل جماعتی میٹنگ سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ وہ سازشیں رچا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس وقت حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہوئے ہیں لیکن یہ لوگ پھر سے افرا تفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
بی جے پی یوٹی صدر نے کہاکہ سال 2018میں جب بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا اعلان کیا گیا تو گپکار الائنس نے چناو بائیکاٹ کا فیصلہ لیا اور آج یہ کس منہ سے چناو کی باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ پنچوں اور سرپنچوں کو کس نے یرغمال بنایا یہ سب کو معلوم ہے۔رویندر رینا نے الزام لگایا کہ گپکار الائنس جموں وکشمیرکے خلاف سازشیں رچارہے ہیں اور انہیں اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں آج تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ لوگ دس اکتوبر کو دھرنا دینے کی دھمکی دے رہے ہیں ۔ان کے مطابق گپکار الائنس کے لیڈروں کوجموں وکشمیر کی ترقی اور امن راس ہی نہیں آرہا ۔
انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس لاکھ کوششیں کریں ان کی سازشوں کو کسی بھی ڈورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔رویندر رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام کو ان کی اصلیت معلوم ہو چکی ہے اور یہاں کے لوگوں نے انہیں پوری طرح سے مسترد کیا ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.