جموں وکشمیر میں عید میلادالنبی(ص) کی تقریب مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

جموں وکشمیر میں عید میلادالنبی(ص) کی تقریب مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

سری نگر: ملک کے مختلف حصوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی جمعے کے روز پیغمبر اسلام حضرت محمد(ص) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے منائے جانے والی عید میلادالنبی (ص) کی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔

اس سلسلے میں یونین ٹریٹری کے درجنوں مقامات سے جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں عید میلاد النبی (ص)کی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔

علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلام (ص) کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں سردی کے باوجود لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول (ص) وعظ و تبلیغ، درودواذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے جبکہ دن کے دوران وادی کے اطراف و اکناف میں جشن میلاد کے عظیم الشان جلوس برآمد ہوئے جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔

جلوسوں کے دوران فضا’سرکار کی آمد مرحبا‘کے نعروں سے گونجتی رہی۔جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ پانی، چائے ، گرم دودھ اور روٹی کا انتظام کیا گیا تھا۔

اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول (ص)نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔درگاہ حضرت بل میں عاشقان رسول (ص) موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔

درگاہ حضرت بل میں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وزن نے شرکت کی اور موئے پاک کا دیدار کیا۔ شب خوانی کی مجالس آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ، صورہ اور دوسری عبادت گاہوں میں بھی منعقد ہوئیں۔ جبکہ صوبہ جموں بالخصوص خطہ چناب و پیر پنچال اور خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد (ص)کی ولادت کے ضمن میں منائی جانے والی عید میلادالنبی کے سلسلے میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا اور جلوس برآمد ہوئے۔

وادی کشمیر جہاں جشن عید میلاد النبی (ص) کی تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی، کے تقریباً تمام تجارتی مراکز، مساجد، زیارت گاہوں اور اور دیگر عبادت گاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ بعض مقامات پر لوگوں نے اپنے گھروں کو بھی برقی قمقموں اور بتیوں سے سجایا ہے۔

انتظامیہ نے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام انتظامات کئے تھے جن میں بلا خلل،بجلی ،پینے کا صاف پانی،طبی ،ٹرانسپورٹ ،صحت وصفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور جموں وکشمیر بینک نے درگاہ حضرت بل میں زائرین کے لئے طعام کے معقول انتظامات کئے گئے تھے۔

عقیدتمندوں کو درگاہ تک لانے اور لے جانے کے لئے اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) نے دیر رات تک ٹرانسپورٹ سہولیت دستیاب کی تھی۔عید میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے وادی میں جمعے کو درجنوں مقامات پر جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔

جنوبی کشمیر میں ادارہ اوقاف اسلامیہ ٹرسٹ پانپور اور شاہ ہمدان میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر عظیم الشان جلوس برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے خانقاہ عالیہ پانپور میں اختتام پذیر ہوا۔ا

ادھر سری نگر میں جموں وکشمیر جمعیت ہمدانیہ انتظامیہ کمیٹی آثار شریف شہری کلاشپورہ کے زیر اہتمام جشن میلادالنبی (ص) کے سلسلے میں عظیم الشان جلوس برآمد ہوا۔

تحریک دعوت منہاج الاسلام کے زیر اہتمام سے بھی سری نگر کے مختلف علاقوں میں عید میلاد النبی (ص)کے سلسلے میں جلوس برآمد کئے گئے اور خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔

انجمن شرعی شعیان جموں وکشمیر کے زیر اہتمام خانقاہ میر شمس الدین اراکی تا امام باڑہ گلشن باغ سری نگر تک میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے جلوس برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ درجنوں دیگر مقامات سے بھی جشن میلاد کے جلوس برآمد ہوئے۔

جنوبی، شمالی اور وسطی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی عید میلاد النبی (ص)کی مناسبت سے جلوس برآمد ہوئے جس میں مرد و زن ، بچے اور بوڑھوں نے شرکت کی۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.