راجوری اور کشتواڑ میں دلدوز سڑک حادثے، 2 خواتین سمیت 3 کی موت، ایک بچی سمیت 4 زخمی

راجوری اور کشتواڑ میں دلدوز سڑک حادثے، 2 خواتین سمیت 3 کی موت، ایک بچی سمیت 4 زخمی

جموں، 15 جون: جموں و کشمیر کے راجوری اور کشتواڑ اضلاع میں جمعرات کی صبح دو الگ الگ سڑک حادثات میں 2 خواتین سمیت 3 کی موت جبکہ ایک کمسن سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری میں سموت سے ترگائی جارہی ایک آلٹو گاڑی جمعرات کی صبح ایک کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 2 خواتین کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ ایک بچی سمیت تین دیگر زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے واردات پر پہنچ گئے اور بچائو آپریشن شروع کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ان کو گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کیا گیا۔
متوفی خواتین کی شناخت 40 سالہ ایشا زوجہ محمد نذیر اور شہناز اختر زوجہ محمد الطاف شاہ جبکہ زخمیوں کی شناخت 50 سالہ ایوب شاہ ولد غلام نبی شاہ، 65 سالہ محمد اکبر شاہ ولد مہندی شاہ اور دس سالہ بچی کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
دریں اثنا کشتواڑ کے سنتھن ٹاپ پر جمعرات کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک مسافر کی موت جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ سے کشتواڑ جارہی ایک پرائیویٹ گاڑی جمعرات کی صبح قریب پونے 8 بجے سنتھن ٹاپ سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں ایک مسافر کی موت جبکہ اس کا دوسرا ساتھی شدید زخمی ہوگیا۔
متوفی کی شناخت لطیف احمد ملک ساکن اننت ناگ جبکہ زخمی کی شناخت عامرالیاس وانی ولد الیاس احمد وانی ساکن اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے۔
زخمی کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.