حج 2023: سری نگر ہوائی اڈے سے 630 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ آج روانہ ہوگا

حج 2023: سری نگر ہوائی اڈے سے 630 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ آج روانہ ہوگا
سری نگر، 7 جون: جموں وکشمیر سے حج سال 2023 کے لئے آج یعنی بدھ وار سہہ پہر ٹھیک 3 بجے اور شام 7 بجے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے دو الگ الگ پروازوں کے ذریعے 630 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ سعودی عرب روانہ ہوگا۔اس سلسلے میں سری نگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ میں واقع حج ہائوس پر عازمین حج کے جمع ہونے کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔
بمنہ حج ہائوس میں کافی چہل پہل اور جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے جہاں بدھ کی صبح سے ہی عازمین حج نعروں کی گونج میں اپنے احباب و اقارب کی معیت میں جمع ہو رہے ہیں۔
حکام کے مطابق سری نگر ہوائی اڈے سے 315 عازمین پر پہلی پرواز 3 بجے جدہ کے لئے روانہ ہوگی جبکہ اتنے ہی عازمین پر مشتمل دوسری پرواز 7 بجے شام روانہ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 برسوں میں پہلی بار سری نگر ہوائی اڈے سے حج پرواز براہ راست جدہ روانہ ہوگی۔
امسال جموں وکشمیر کے لگ بھگ 10 ہزار لوگ حج کا مقدس فریضہ انجام دیں گے۔
ادھر سری نگر ہوائی اڈے پر حج سال 2023 کے عازمین کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر عازمین حج کو انٹری گیٹ سے ہوائی جہاز تک پہنچانے کے لئے ایک الگ علاقہ مختص کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ احرام پہننے کے لئے عازمین کے لئے الگ الگ جگہیں رکھی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عازمین کے آرام دہ اور احسن سفر کو یقینی بنانے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ عازمین کے سامان کی چیکنگ کے لئے حج ہائوس بمنہ میں خصوصی کائنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عازمین کو اے سی گاڑیوں میں ہوائی اڈے تک پہنچایا جائے گا اور ان کے سامان کو الگ ٹرکوں میں لے جایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سری نگر سے جدہ کے سفر کے لئے ایئر پورٹ اتھارٹی نے ایک 340A ائیر بس تعینات کی ہے جو اپنی کشادگی اور آرام دہ سفر کے لئے مشہور ہے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.