شری امرناتھ یاترا: ہم کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں: منوج سنہا

شری امرناتھ یاترا: ہم کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں: منوج سنہا

جموں، 6 جون : جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شری امرناتھ جی یاترا کے لئے سیکورٹی کے تمام تر انتظامات کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں میں مزید چار سے پانچ یاتری نواس بنائے جائیں گے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں یاتری نوس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا: ‘چلینجز آتے رہتے ہیں لیکن ہم کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ شری امرناھ یاترا یکم جولائی سے شروع ہو کر 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی اس کے لئے سیکورٹی کے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
منوج سنہا نے کہا کہ ماہ گذشتہ سری نگر میں بین الاقوامی سطح کا جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس منعقد ہوا جس کے لئے لوگوں نے کافی سپورٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد یہ کشمیر میں منعقد ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا بین الاقوامی اجلاس تھا۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ یاتریوں کے لئے مزید چار سے پانچ یاتری نواس بن جائیں گے جب کہ چندن واڑی سے بالتل ایک روڈ کی تعمیر بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس روڈ سے یاتریوں کا وقت بچ جائے گا اور زیادہ سے زیادہ یاتری بابا امرناتھ کی یاترا کر سکیں گے۔

 
قبل ازیں انہوں نے یاتری نواس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘میں وزیر اعظم نریندر مودی جی اور مرکزی وزیر ہردیپ پوری جی کا شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے جموں میں یاتری نواس قائم کرنے پر شکر گذار ہوں’۔
انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ اس نئی سہولیت سے بابا امرناتھ کی یاترا کرنے والے یاتریوں کی زندگی میں آسانی پیدا ہوگی۔
اس موقع پر مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے جتنے بھی یاتری نواس قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ان سب کو منظوری دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان پروجیکٹوں کی تیز بنیادوں پر فنڈنگ کو یقینی بنائیں گے۔

یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.