ناگالینڈ کی 59 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ شروع
کوہیما، 27 فروری (یو این آئی) ناگالینڈ کی 59 اسمبلی سیٹوں کے لئے پولنگ پیر کی صبح 7 بجے سخت سیکورٹی کے درمیان شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔اس دوران ریاستی اسمبلی کی ایک نشست کے لیے ایک امیدوار کوبلا مقابلہ منتخب کرلیا گیا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر وی ششانک شیکھر نے کہا کہ ریاست میں پرامن پولنگ کے لیے تمام تیاریاں پہلے ہی مکمل کر لی گئی ہیں اور 2315 پولنگ اسٹیشنوں پر صبح 7 بجے پولنگ شروع ہوئی جہاں 13 لاکھ 17 ہزار 634 ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
مسٹر شیکھر نے بتایا کہ 655144 خواتین سمیت 13 لاکھ سے زیادہ ووٹر 183 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے جن میں چار خواتین امیدوار ہیں۔ ریاست میں سرویس ووٹر 7983 ہیں اور 24689 نئے ووٹر ہیں۔ 6970 معذور ووٹرز ہیں، جبکہ 36403 ایسے ووٹرز ہیں جن کی عمریں 80 سال سے زیادہ ہیں۔ ریاست میں کوئی ٹرانس جینڈر ووٹر نہیں ہے
انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریاست میں پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے ناگالینڈ پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریاست میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) سی آئی ایس ایف، ایس ایس بی اور آر پی ایف سمیت مختلف مرکزی پولیس تنظیموں کے نیم فوجی دستوں کی 305 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، اتر پردیش، پنجاب، جھارکھنڈ، میزورم، راجستھان اور سکم سمیت کچھ دیگر ریاستوں کی پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔
میگھالیہ اسمبلی انتخابات، ووٹنگ شروع
شیلانگ، 27 فروری (یو این آئی) میگھالیہ قانون ساز اسمبلی کی 59 نشستوں کے لیے ووٹنگ پیر کی صبح 7 بجے شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک جاری رہے گی
سابق وزیر داخلہ اور یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی (یوڈی پی) کے امیدوار ایچ ڈی آر لنگدوہ کی موت کی وجہ سے یہاں کی ایک سیٹ (سوہیونگ) کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اسمبلی انتخابات میں 36 خواتین سمیت کل 369 امیدوار میدان میں ہیں۔ تقریباً 21.4 لاکھ سے زیادہ ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ ان میں خواتین ووٹرز کی تعداد 10.8 لاکھ ہے، جو کہ مرد ووٹرز سے زیادہ ہے۔
بی جے پی اور کانگریس سبھی سیٹوں پر مقابلہ کر رہی ہیں، اپوزیشن ترنمول کانگریس کے پاس 56 امیدوار ہیں، جبکہ این پی پی نے 57 امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ انتخابی دوڑ میں دیگر پارٹیاں یو ڈی پی (46 امیدوار)، ایچ ایس پی ڈی پی (11)، پی ڈی ایف (9)، گنا سرکشا پارٹی (ایک)، گارو نیشنل کونسل (2)، جنتا دل یونائیٹڈ (3)، ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (2) ہیں۔ اس کے علاوہ، ریپبلکن پارٹی آف انڈیا – اٹھاولے (6) اور وی پی پی (18) کے ساتھ ہی 44 آزاد امیدوار مختلف حلقوں میں سیٹوں کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
ریاست میں انتخابی نتائج 2 مارچ کو آئیں گے۔
میگھالیہ اور ناگالینڈ کے لوگ ترقی پسند، فلاحی حکومت کا انتظار کر رہے ہیں: کھڑگے
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پیر کو کہا کہ میگھالیہ اور ناگالینڈ کے لوگ ترقی پسند اور فلاحی حکومت کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔مسٹر کھڑگے نے ٹویٹ کیا، "میگھالیہ اور ناگالینڈ کے لوگ ترقی پسند اور فلاحی حکومتوں کے منتظر ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا، "میں میگھالیہ اور ناگالینڈ کے بھائیوں اور بہنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تبدیلی کا ایک موقع دیں۔” انہوں نے پہلی بار ووٹ دینے والوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بہتر مستقبل کے لیے جمہوری عمل میں حصہ لیں۔
دو شمال مشرقی ریاستوں میگھالیہ اور ناگالینڈ کی 60 میں سے 59 اسمبلی سیٹوں پر سخت سیکورٹی کے درمیان پولنگ ہو رہی ہے۔ میگھالیہ میں ایک سیٹ پر ایک امیدوار کی موت کے بعد الیکشن ملتوی کر دیا گیا ہے، جبکہ ناگالینڈ میں ایک اسمبلی حلقہ سے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گیا ہے۔میگھالیہ اور ناگالینڈ میں پولنگ آج صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔