میگھالیہ کو ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو لوگوں کو پہلے رکھے، خاندان کو نہیں: مودی

میگھالیہ کو ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو لوگوں کو پہلے رکھے، خاندان کو نہیں: مودی

شیلانگ، 24 فروری : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو میگھالیہ کے وزیر اعلی اور نیشنل پیپلز پارٹی کے صدر کونراڈ کے سنگما پر بالواسطہ حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام کو خاندان کو نہیں لوگوں کو پہلے رکھنے والی حکومت کی ضرورت ہے۔
مسٹر مودی نے یہاں پارٹی کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’میگھالیہ میں، میں ہر جگہ بی جے پی کی لہر دیکھ سکتا ہوں۔ جوان ہوں یا بوڑھے، مرد ہوں یا عورت، تاجر ہوں یا سرکاری ملازم، کسان ہوں یا مزدور، سبھی ایک آواز میں کہہ رہے ہیں ‘میگھالیہ میں بی جے پی سرکار’ (میگھالیہ کو بی جے پی کی حکومت چاہیے)۔ میگھالیہ اور شمال مشرق کے لوگ بی جے پی کے ساتھ ہیں۔
لوک سبھا کے سابق اسپیکر پی اے سنگما کے بیٹے اور کانگریس کے دور حکومت کے بارے میں مسٹر مودی نے کہا، "یہ کچھ خاندانوں کی خود غرضی کی وجہ سے ہوا کہ میگھالیہ کے مفادات کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی۔ اس سیاست نے آپ کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ ایک ایسی سیاسی پارٹی ہے جس نے دہلی اور میگھالیہ میں بھی اپنی تجوریاں بھرنے کے لیے پورے میگھالیہ کو اے ٹی ایم بنالیا ۔
انہوں نے سوالیہ انداز میں پوچھا، ’’کیا میگھالیہ کو خاندانی سیاست سے آزاد ہونا چاہیے یا نہیں؟ اب مجھے یقین ہے کہ میگھالیہ اور شمال مشرق کے لوگ بی جے پی کے ساتھ ہیں۔ میں آپ کی محبتوں اور آشیرواد کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دوں گا۔ انہوں نے شمال مشرقی ریاست کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جب سے بی جے پی مرکز میں اقتدار میں آئی ہے، وہ میگھالیہ اور شمال مشرقی خطہ کی ترقی کو یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا، "اس جگہ میں کچھ خاص ہے۔ میگھالیہ کے ہر کونے میں تخلیقی صلاحیت موجود ہے۔ ہم سب کو میگھالیہ کی ثقافت پر فخر ہے۔ میں یہاں امید اور ترقی کے پیغام کے ساتھ آیا ہوں۔
کانگریس لیڈروں پر طنز کرتے ہوئے مودی نے کہا، ”کچھ لوگ جنہیں ملک نے مسترد کر دیا ہے وہ کہہ رہے ہیں ‘مودی تیری قبر کھدیگی’۔ لیکن، ملک کے لوگ کہہ رہے ہیں ‘مودی تیرا کمل کھلے گا’۔ آپ کا کمل کھلے گا۔ ملک، میگھالیہ اور ناگالینڈ کے عوام ایسے لوگوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
بی جے پی شمال مشرقی ریاست میں تنہا مقابلہ کر رہی ہے۔ این پی پی، جو کہ بی جے پی کی زیر قیادت نارتھ ایسٹ ڈیموکریٹک الائنس کا ایک جزو ہے، بھی تنہا مقابلہ کر رہی ہے۔ میگھالیہ کی 60 میں سے 59 اسمبلی سیٹوں کے لیے 27 فروری کو پولنگ ہونی ہے۔ ووٹوں کی گنتی 2 مارچ کو ہوگی۔

یواین آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.