ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کا زلزلہ، 1900 سے زائد افراد ہلاک، ہزاروں زخمی

ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کا زلزلہ، 1900 سے زائد افراد ہلاک، ہزاروں زخمی

انقرہ/ دمشق، 6 فروری (یو این آئی) ترکیہ کے جنوب اور شمالی شام میں 7.8 شدت کا شدید زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں ترکیہ میں ایک ہزار 121 اور شام میں 783 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کی ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 121 ہوگئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ دوسری جانب شام میں 783 ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد 7.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں دونوں ممالک میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 904 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا تھا کہ ملکی تاریخی میں سب سے شدید زلزلے کے نتیجے میں 912 افراد جاں بحق اور 5 ہزار 383 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ 1939 کے بعد ملک میں آنے والی یہ سب سے بڑی آفت ہے جس میں 2 ہزار 818 گھر منہدم ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق شام کی وزارت صحت نے بتایا کہ شام کی حکومت کے زیر انتظام علاقوں میں 7.8 شدت کے زلزلے میں 339 افراد ہلاک ہوگئے اور زلزلےکا مرکز جنوب مشرقی ترکیہ میں تھا۔
شام کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شام کے مختلف شہروں حلب، حما، لطاکیہ اور طرطوس سمیت حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں زلزلے سے 339 افراد ہلاک اور لگ بھگ ایک ہزار 89 زخمی ہوگئے۔امدادی کارکنوں نے بتایا کہ ملک کے شمال مغرب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں 221 افراد ہلاک اور 419 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ جنوب مشرقی ترکیہ میں 7.8 شدت کا شدید زلزلہ آیا، جس سے کئی شہروں میں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جبکہ پڑوسی ملک شام میں بھی نقصان ہوا ہے۔
امریکی ایجنسی کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر آیا اور اس کی گہرائی تقریباً 17.9 کلومیٹر تھی، جس کے 15 منٹ بعد 6.7 شدت کا آفٹر شاک بھی آیا۔
ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ پریزیڈنسی (اے ایف اے ڈی) نے پہلے زلزلے کی شدت 7.4 رپورٹ کی۔ترک ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر میں ریسکیو اہلکاروں کو کہرامنماراس اور ہمسایہ شہر غازیانتپ میں عمارتوں کے ملبے کو کھودتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام شہری جو زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ ہم جلد از جلد اور کم سے کم نقصان کے ساتھ مل کر اس آفت سے نکل آئیں گے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلہ اس وقت آیا جب زیادہ تر لوگ ابھی گھروں میں سو رہے تھے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافےکا خدشہ ہے۔
این ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ زلزلے سے مزید دو شہروں ادیامان اور ملاتیا میں بھی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
سی این این ترکیہ ٹیلی ویژن نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے وسطی ترکیہ اور دارالحکومت انقرہ کے چند حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.