پشاورپاکستان: پولیس لائنز کے قریب مسجد میں دھماکا، 17 افراد ہلاک، 83 زخمی

پشاورپاکستان: پولیس لائنز کے قریب مسجد میں دھماکا، 17 افراد ہلاک، 83 زخمی

ویب ڈیسک

پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا کے دار الحکومت پشاور میں پولیس لائنز کے قریب واقع مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 17 افراد ہلاک اور 83 شہری زخمی ہوگئے جب کہ مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس لائنز میں واقع مسجد کے اندر یہ دھماکا ہوا۔

پولیس چیف پشاور محمد اعجاز خان نے غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے گفتگو میں چند ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہنگامی صورتحال ہے۔

دھماکے کی اطلاع کے فوری بعد پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جب کہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے خون کے عطیات دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کو مقامی پولیس حکام نے بتایا کہ پشاور میں دھماکا مسجد میں وقت ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم 90 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر سی) کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ کئی زخمیوں کو ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال محمد عاصم نے رائٹرز کو بتایا کہ 70 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

محمد عاصم نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور صرف ایمبولینس اور امدادی کاموں میں مصروف اہلکاروں کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

<p>ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس لائنز میں واقع مسجد کے اندر یہ دھماکا ہوا—فوٹو: اے ایف پی</p>

پولیس اہلکار سکندر خان نے بتایا کہ دھماکے کے باعث عمارت کا ایک حصہ گر گیا ہے اور خدشہ ہے کہ کئی افراد ملبے کے نیچے دبے ہو سکتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق دھماکا تقریباً ایک بج کر 40 منٹ پر اس وقت ہوا جب ظہر کی نماز ادا کی جا رہی تھی، دھماکا شدید نوعیت کا تھا جس کے باعث مسجد کی چھت اور دیوار منہدم ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکا مسجد میں اس وقت ہوا جب بڑی تعداد میں افراد نماز ادا کررہے تھے۔دھماکا پشاور کے ریڈ زون میں ہوا جہاں گورنر ہاؤس سمیت اہم سرکاری عمارتیں اور دفاتر موجود ہیں۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ امدادی کارروئیاں جاری ہیں، دھماکے میں متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.