جمعہ, مئی ۳۰, ۲۰۲۵
13.6 C
Srinagar

کچھ ایسا بھی کریں ۔۔۔۔

شوکت ساحل

زندگی کا سفر اتنا آسان بھی نہیں ہوتا ،جتنا ہمیں محسو س ہوتا ہے ۔اسی طرح کامیابی حاصل کرنے کے لئے کوئی’ شارٹ کٹ ‘بھی نہیں ۔کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے خود اعتمادی ضروری ہے ،جب تک ہم پر اعتماد نہیں ہوجائیں گے ،ہم آگے نہیں بڑھ پائیں گے ۔

سوچ کو تخلیقی بنانا ضروری ہے ،کیوں کہ عصر حاضر میںقدم قدم پر نئے چیلنجز سامنے آتے ہیں ،جن سے نمٹنے کے لئے خود کو قبل از وقت ہی تیار رہنے کی ضرورت ہے ۔

اپنے خوابوں اور مقاصد کے حصول کا پہلا قدم اس بات کو تسلیم کرنا ہے کہ آپ ایک انسان ہیں، آپ ”پرفیکٹ“ یعنی مکمل نہیں اور سب کچھ تنہا نہیں کرسکتے۔ ہمیشہ حقیقت پسندانہ سوچ رکھیں، خود پر اتنا دباﺅ نہ ڈالیں کہ چلنا بھی مشکل ہوجائے، خود پر یقین رکھیں کہ آپ اپنی ضروریات کے مطابق کام کرسکتے ہیں، مگر ناکامی سے گھبرائے بھی مت۔

اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں، مقاصد طے کریں اور سفر سے لطف اندوز ہوں۔روزمرہ کے معمولات میں ہزاروں چیزیں آپ کی توجہ چاہتی ہیں، جیسے بچوں کے کمرے کو بار بار سمیٹنا، گھر اور دفتر کے کام، کاموں کی ترتیب کے مطابق وقت نکالنا، لوگوں یا رشتے داروں سے ملنا جلنا، بچوں کے اسکول کے کام میں مدد کرنا اور دیگر۔

ایک بات ذہن میں صاف کرلیں، آپ ان میں سے کچھ بھی اس وقت تک نہیں کرسکتے، جب تک آپ کے ذہن میں یہ خیال واضح نہ ہو کہ زندگی، رشتوں اور ماحول کو سادہ کیسے بنانا ہے، کیونکہ اس کے بعد ہی ذمہ داریوں کے بوجھ میں کمی کا احساس ہوتا ہے جبکہ عجلت کے شکار نہیں ہوتے۔زندگی گزارنے کے لیے ہم کام کرتے ہیں، میل جول رکھتے ہیں، خاندان کے کام کرتے ہیں، کھانا کھاتے ہیں، خریداری یا ٹیلیویژن دیکھتے ہیں، مگر کسی بھی معاملات میں انتہا پسندی زندگی کے ہر پہلو کو تباہ کردیتی ہے، بس اپنے فہم سے کام لے کر کسی بھی حوالے سے جنون جیسے رویے کی روک تھام کریں۔

جتنا کماتے ہیں اس سے کم خرچ کریں، غذا پر دھیان دیں اور ٹی وی کم دیکھیں، تو درمیانی عمر میں جسم آپ کا شکر گزار ہوگا۔

اگر آپ اپنے پیاروں کے ساتھ سلوک اپنے خیال کے مطابق رکھیں گے تو آپ کو مشکلات کا سامنا بھی ہوسکتا ہے، اس کی بجائے جیسا وہ توقع رکھتے ہیں، ویسا سلوک یا رویہ ان کے ساتھ اختیار کریں۔

مثال کے طور پر اگر آپ کو فون کرنا پسند نہیں، تو آپ اس خیال سے دوست یا کسی پیارے کو کال نہیں کریں گے، کہ وہ بھی آپ جیسی سوچ رکھتا ہوگا، مگر ایسا ہوتا نہیں۔

دوسروں کی ضروریات کے لیے حساس بننے کی کوشش کریں، اپنے دل کو بڑا کریں اور دوسروں کے ساتھ کچھ اچھا کرنا معمول بنالیں۔

ماضی میں کیا ہوا، اس کے بارے میں سوچنا بند کردیں یا مستقبل میں کیا ہونے والا ہے، اس کے بارے میں فکرمند مت ہوں۔

آپ حال پر توجہ دیں جس میں اس وقت آپ موجود ہیں اور اس کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔آپ کی شخصیت وہ ہوتی ہے جو آپ دن بھر سوچتے ہیں، اگر آپ کے خیالات ہی منفی ہوں تو زندگی میں کچھ زیادہ ہونے کی توقع بھی نہیں کرنی چاہیے، اس کے مقابلے میں زندگی یا حالات کے بارے میں مثبت سوچ ناکامی کو بھی کامیابی میں بدلنے میں مدد دے سکتی ہے، ایک بار اپنی سوچ کو مثبت بنا کر دیکھیں، آپ اس کے جادو سے خود حیران رہ جائیں گے۔کیوں کہ دنیا بدل رہی ہے ۔

 

 

Popular Categories

spot_imgspot_img