راجوری، 9 ستمبر:راجوری ضلع میں جمعے کے روز انتظامیہ نے کرفیو جیسی بندشیں عائد کرکے تعلیمی اداروں کو بھی بند رکھنے کے احکامات صادر کئے۔
بتادیں کہ جمعرات کے روز راجوری میں زمین تنازعے پر دو گروپ آمنے سامنے آگئے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر دفعہ 144 سختی کے ساتھ نافذ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعے اعلیٰ الصبح ہی راجوری میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی اور کسی کو بھی قصبے کے اندر گھسنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ راجوری کے سبھی مارکیٹ پوری طرح سے بند رہے جبکہ ہر گلی اور کوچے پر سیکورٹی فورسز کے اہلکار ہی نظر آرہے ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ جمعے کی صبح کو ہی محکمہ تعلیم نے ایک حکم نامہ جاری کیا کہ شہر کے اندر جتنے بھی تعلیمی ادارے ہیں وہ آج بند رہیں گے۔
عین شاہدین نے بتایا کہ راجوری میں کرفیو جیسی بندشیں عائد کی گئی ہیں ۔
ذرائع نے بتایا کہ راجوری شہر کے اندر زمین کے ایک ٹکڑے پر دو گروپ آمنے سامنے آئے جس کے بعد انتظامیہ نے کل ہی رات ہی اراضی کی تار بندی کرکے اُس کو سیل کیا۔
انتظامیہ نے لوگوں سے امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
یو این آئی





