سری نگر،08اگست: فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات میں کامیاب قرار دئے گئے امیدوار اپنے مطالبے کو لے کر گذشتہ 26 دنوں سے یہاں پریس کالونی میں مسلسل بر سر احتجاج ہیں۔
احتجاجیوں کا مطالبہ ہے کہ اس سلیکشن لسٹ کو کسی بھی صورت میں منسوخ نہ کیا جائے اور حتمی سلیکشن لسٹ کو جلد از جلد منظر عام پر لائے جائے۔
ایک امید وار نے پیر کو میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ اس سلیکشن عمل کو منسوخ کیا جا ئے گا۔
انہوں نے کہا: ’اگر کسی عہدیدار نے اس میں کوئی غلطی کی ہے تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے اس لسٹ کو بند کرکے ہمیں ٹارگیٹ کیوں بنایا جا رہا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دن رات محنت کرکے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے اور اب اس کو منسوخ کرنا ہمارے ساتھ نا انصافی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ماہ مارچ میں ایف اے اے امیداروں کا امتحان منعقد کیا گیا تھا جس میں 972 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔
ان اسامیوں کے لئے زائد از ڈیڑھ لاکھ امیدواروں نے فارم جمع کئے تھے۔
واضح رہے کہ ایس آئی امتحانات کو منسوخ کرنے کے بعد کئی افراد نے فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات میں مبینہ دھاندلیوں کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔
افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ سرکار اس لسٹ کو بھی منسوخ کر سکتی ہے لیکن ابھی تک اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا۔
دریں اثنا جموں پریس کلب کے باہر بھی ایف اے اے امیدواروں نے 26روز بھی احتجاجی مظاہرئے کئے اور سرکار سے مطالبہ کیا کہ ان کی جائز مانگ کی اور انسانی بنیادوں پر نظر ثانی کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم پچھلے تین ہفتوں سے لگاتار احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن انتظامیہ کا کوئی بھی آفیسر اُن سے ملنے نہیں آیا ۔
یو این آئی





