کپواڑہ میں سڑک حادثہ 2 موٹر سائیکل سوار ا ز جان، علاقے میں کہرام

کپواڑہ میں سڑک حادثہ 2 موٹر سائیکل سوار ا ز جان، علاقے میں کہرام

سری نگر،04 جولائی: شمالی ضلع کپواڑہ کے لولاب علاقے میں سڑک کے ایک بھیانک حادثے میں 2موٹر سائیکل سواروں کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لولاب کے ریڈ ناگ علاقے میں ایک نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے اُس پر سوار دو نوجوان شدید طورپر زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت عادل احمد شاہ ولد نثار احمد شاہ اور رشید احمد شاہ ولد غلام حسن شاہ ساکنان بابا حیات پورہ لولاب کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا جوں ہی نوجوانوں کی لاشیں اُن کے آبائی گاوں پہنچائی گئیں تو وہاں کہرام مچ گیا، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں جس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ لوگوں کی بھاری موجودگی کے بیچ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد دونوں کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے نامعلوم گاڑی کی تلاش شروع کی ہے۔
علاوہ ازیں پچھلے دو ہفتوں کے دوران وادی کشمیر میں موٹر سائیکل حادثات کے دوران 8 نوجوان اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔
عوامی حلقوں کے مطابق والدین کی جانب سے کمسن اور نو عمر طلبا کو موٹر سائیکل فراہم کی جارہی ہیں جس وجہ سے حادثات رونما ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بے ہنگم ٹریفک کے دوران موٹر سائیکل سوار کافی تیز رفتارسے سکوٹی اور موٹر سائیکل چلاتے ہوئے پائے جارہے ہیں اور اس حوالے سے گرچہ پولیس کی جانب سے قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہیں تاہم یہ سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ والدین پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے کمسن بچوں کو سکوٹی اور موٹر سائیکل وغیرہ نہ دے کیونکہ ایسا کرکے وہ اپنے بچوں کو موت کی وادی میں جھونک رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے ٹریفک محکمہ پر زور دیا ہے کہ خطرناک کرتب بازی کا مظاہرہ کرنے ، شاہراﺅں پر تیز رفتار ی کے ساتھ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاون شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.