پلوامہ میں مشتبہ جنگجوؤں کی فائرنگ میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار دم توڑ گیا

پلوامہ میں مشتبہ جنگجوؤں کی فائرنگ میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار دم توڑ گیا
سری نگر،13 مئی: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گڈورہ علاقے میں جمعے کی صبح مشتبہ جنگجوؤں کے حملے میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار یہاں ایک فوجی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پلوامہ کے گڈرورہ علاقے میں جمعے کی صبح جنگجوؤں نے ریاض احمد ٹھوکر ولد علی محمد ٹھوکر پولیس اہلکار پر ان کی رہائش گاہ کے نزدیک گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر ضلع ہسپتال پلوامہ پہنچایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع ہسپتال سے موصوف پولیس اہلکار کو سری نگر میں قائم فوج کے29 بیس ہسپتال ریفر کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ کر دم توڑ گیا۔
کشمیر زون پولیس نے اس سلسلے میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’زخمی کانسٹبل ریاض احمد ٹھوکر زخموں کی تاب نہ لا کر جام شہادت نوش کر گیا ہم شہید اہلکار کو شاندار خراج پیش کرتے ہیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے اہلخانہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘۔
دریں اثنا واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.