سری نگر،11 مئی: جموں وکشمیر کے شمالی ضلع بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کے تبادلے میں ایک عدم شناخت جنگجو مارا گیا۔
آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک جنگجو اور اُس کے ساتھی حال کے ایام میں دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ منگل کے روز 14 آر آر اورجموں وکشمیر پولیس نے بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے سرندر کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران ایک عدم شناخت جنگجو مارا گیا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ پولیس اور فوج نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے جنگل کی نگرانی کا عمل بھی تیز کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کو جنگلی علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ تصادم کی جگہ ایک اے کے رائفل اور تین میگزین برآمد کئے گئے ہیں۔
اُن کے مطابق مہلوک جنگجو اُس ملی ٹینٹ گروپ میں شامل تھا جو حال کے ایام میں دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیا ب ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجو کے دو ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
یو این آئی