سری نگر،04 اپریل: جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے مائسمہ علاقے میں مشتبہ جنگجوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوئے اورانہیں نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر کو سری نگر کے مائسمہ علاقے میں مشتہ جنگجووں نے سینٹرل ریزور پولسی فورس( سی آر پی ایف ) کے دو جوانوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوئے اور اُنہیں فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سی آر پی ایف نے مائسمہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
دریں اثنا حساس علاقے مائسمہ میں دو سی آر پی ایف اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد سیول لائنز علاقوں میں اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے ۔
یو این آئی اردو کے نامنہ نگار نے بتایا کہ سری نگر کے لالچوک اور اس کے ملحقہ علاقوں میں عارضی ناکے لگائے گئے جہاں پر گاڑیوں اور اُن میں سوار مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز اہلکار مشکوک نظر آنے والے راہگیروں کو بھی روک کر اُن کی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کرنے کے بعد اُنہیں اپنے اپنے منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دیتے تھے۔
انہوں نے کہاکہ شہر سر ی نگر کے تجارتی مرکز کے ساتھ ساتھ پائین شہر میں بھی سیکورٹی کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مائسمہ سری نگر میں ملی ٹینٹوں نے دو سی آر پی ایف اہلکاروں پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔
انہوں نے بتایا کہ حملے کے بعد سی آر پی ایف اور پولیس کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور آس پاس علاقوں کا جائزہ لینے کے بعد اندرونی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
اُن کے مطابق ملی ٹینسی کا یہ واقع کیسے اور کن حالت میں وقوع پذیر ہوا اس کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی گئی ہے جبکہ آس پاس علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہیں تاکہ ملوث حملہ آوروں کی شناخت کرکے اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔
یو این آئی




