یوم جمہوریہ کی آمد آمد : سر ی نگر میں سیکورٹی مزید سخت، گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی مہم کا سلسلہ تیز

یوم جمہوریہ کی آمد آمد : سر ی نگر میں سیکورٹی مزید سخت، گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی مہم کا سلسلہ تیز

سری نگر، 19 جنوری :گرمائی دارلحکومت سری نگر کے تجارتی مرکز لالچوک سمیت کئی علاقوں میں بدھ کے روز سیکورٹی فورسزنے ناکے لگا کر گاڑیوں اور راہگیروں کو روک کر اُن کی تلاشی لی۔
شہر میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہیں حساس مقامات پر سیکورٹی کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور اُنہیں مزید چوکنا بھی رکھا گیا ہے۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے سری نگر کے لالچوک اور دیگر علاقوں میں عارضی ناکے لگائے اور وہ گاڑیوں کو روک کر اُن کی اور ان میں سوار لوگوں کی تلاشی لے رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ فورسز اہلکار راہگیروں کو بھی روک کر اُن کی جامہ تلاشی لے رہے تھے اور ان سے پوچھ گچھ بھی کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ پہنا تھا ان سے وہ نکالنے یا اوپر کرنے کو کہا جارہا تھا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ راہگیروں کی جامہ تلاشی لے کر اُن کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جا رہے تھے۔
موصوف نامہ نگار نے کہاکہ سیکورٹی فورسز اہلکار مشکوک نظر آنے والے راہگیروں کو بھی روک کر اُن کی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد اُنہیں اپنے اپنے منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دیتے تھے۔
انہوں نے کہاکہ شہر سر ی نگر کے تجارتی مرکز کے ساتھ ساتھ پائین شہر میں بھی سیکورٹی کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈاون ٹاون علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
یوم جمہوریہ کے پیش نظر شہر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے راہگیروں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے نیز جگہ جگہ پر ناکے قائم کئے گئے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر بھی چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.