زرعی اراضی و غیر زرعی مقاصد کے لئے تبدیل کرنے کی پالیسی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی عکاس: محبوبہ مفتی

زرعی اراضی و غیر زرعی مقاصد کے لئے تبدیل کرنے کی پالیسی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی عکاس: محبوبہ مفتی

سری نگر،17 دسمبر :پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی زرعی اراضی کو غیر زرعی مقاصد کے لئے تبدیل کرنے کی نئی پالیسی ان کے یہاں کی ڈیمو گرامی کو تبدیل کرنے کے مذموم ارادوں کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو سرکاری نوکریوں کے جائز حصے سے محروم رکھنے کے بعد ایسے ہنگامی فیصلے باہر کے لوگوں کو جموں و کشمیر میں زمین خریدنے کے لئے راستہ ہموار کر رہے ہیں۔
موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔
بتادیں کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں جموں میں منعقدہ انتظامی کونسل کی ایک میٹنگ میں بورڈ آف ریونیو کے ذریعے زرعی اراضی کو غیر زرعی مقاصد کے لئے تبدیل کرنے کے وضع کردہ ضوابط کو منظوری دی گئی ہے۔
ان نئے ضوابط کے تحت ضلع مجسٹریٹ کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ زمین کے استعمال میں زرعی سے غیر زرعی مقاصد میں تبدیلی کی اجازت اس طریقہ کار کے مطابق دے جس کو بورڈ آف ریونیو کے ذریعہ مطلع کیا جائے۔
محبوبہ مفتی نے اس فیصلے کے رد عمل میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’جموں وکشمیر انتظامیہ کی زرعی اراضی کو غیر زرعی مقاصد کے لئے تبدیل کرنے کی نئی پالیسی سے ان کی یہاں کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کے مذموم ارادے صاف ظاہر ہوتے ہیں‘۔
ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’ترقی کا ایجنڈا ایک فریب ہے جو تازہ ترین ضابطہ ہے اس کے لئے پندرہ سالہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی بھی ضرورت نہیں ہے‘۔
موصوفہ نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہا: ’مقامی لوگوں کو سرکاری نوکریوں کے اپنے جائز حصے سے محروم کرنے کے بعد ایسے اچانک لیے جانے والے فیصلے باہر کے لوگوں کو جموں وکشمیر میں زمین خریدنے کے لئے راستہ ہموار کریں گے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے فیصلے مقامی لوگوں کو مزید بے اختیار کرنے کے لئے لئے جا رہے ہیں۔یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.