کشمیر میں ٹھٹھرتی سردی جاری،23 دسمبر تک بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں

کشمیر میں ٹھٹھرتی سردی جاری،23 دسمبر تک بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں

سری نگر/ وادی کشمیر میں خشک موسم مگر ٹھٹھرتی سردیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے 23 دسمبر تک موسمی صورتحال زیادہ خراب ہونے کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر میں 14 اور 15 دسمبر کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران شمالی کشمیر کے خاص طور پر بالائی علاقوں میں ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکے درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔

ادھر مطلع ابر آلود رہنے سے وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سری نگر میں 11 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ و آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دریں اثنا وادی میں منگل کے روز موسم خشک مگر زیادہ تر اوقات ابر آلو دہی رہا تاہم ادن میں کبھی کبھی دھوپ بھی کھلی رہی۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.