کشمیر میں خشک موسم کے بیچ سردیوں کو زور برابر جاری

کشمیر میں خشک موسم کے بیچ سردیوں کو زور برابر جاری

سری نگر/ وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ سردیوں کا زور برابر جاری ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے وادی کشمیر میں رواں موسم سرما کی پہلی برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برف باری کا سلسلہ 4 دسمبر کی شام سے ہی شروع ہوکر 6 دسمبر کی شام تک جاری رہ سکتا ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ پانچ دسمبر کو برف باری کی شدت میں تیز ہوسکتی ہے جس میں بعد ازاں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ میدانی علاقوں میں 2 سے3 انچ جبکہ بالائی علاقوں میں 6 سے7 انچ برف جمع ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعض پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں بھی متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خراب موسمی حالات سے زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سری نگر میں یکم دسمبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.