شیو سینا کا سلمان خورشید اور راشد علوی کے خلاف احتجاج

شیو سینا کا سلمان خورشید اور راشد علوی کے خلاف احتجاج

جموں/شیو سینا (بالا صاحب ٹھاکرے) کے جموں و کشمیر یونٹ نے جمعے کے روز یہاں سینئر کانگریس لیڈر سلمان خورشید اور راشد علوی کے خلاف احتجاج درج کیا۔

احتجاجیوں نے ہاتھوں میں ترنگے اور پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر فرنٹ کے صدر منیش سہانی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم کانگریس لیڈر سلمان خورشید اور راشد علوی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’ایک لیڈر نے ہنودؤں کو راکشس کہا ہے اور دوسرے نے ہمارا مقابلہ آئی ایس آئی ایس کے ساتھ کیا ہے جو لوگوں کا سر قلم کرتے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا: ’اگر ہم راکشس ہیں تو مندروں میں جانے والے لوگ کون ہیں‘۔موصوف صدر نے کہا کہ یہ در اصل اتر پردیش میں ہونے والے چناؤ کے دوران مسلمانوں کے ووٹ کو حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے اور ہندو راشٹرا کو بدنام کرنے کی ایک کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی مذہب کے خلاف بات نہیں کرتے ہیں اور جو ہمارے مذہب کے خلاف بات کرے گا وہ نیست ونابود ہوگا۔ان کا کہنا تھا: ’ایسی باتیں کرنے والے لوگوں کی جگہ یہاں نہیں ہے، ایسی باتیں کرنا ہندوؤں کو گالیاں دینے کے برا بر ہے یہاں وہی رہے گا جو ہندوستانی ہوگا‘۔

مسٹر سہانی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اس کا جواب دینا ہوگا اور آگے چناؤ میں اس کا فیصلہ ہوگا۔


یو این آئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.