منگل, ستمبر 1, 2026
24.5 C
Srinagar

سیکورٹی فورسز کا سری نگر کے سرائے بالا و ملحقہ علاقوں میں اچانک تلاشی آپریشن

سری نگر/ سیکورٹی فورسز نے جمعرات کے روز سری نگر کے سرائے بالا اور اس کے ملحقہ علاقوں میں اچانک تلاشی آپریشن شروع کرکے لوگوں کی جامہ تلاشی و شناختی کارڈ چیک کئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے مل کر جمعرات کو سرائے بالا اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اہلکار لوگوں کو ایک ہی قطار میں کھڑا کرکے ان کے شناختی کارڈ چیک کر رہے تھے اور ان کی جامہ تلاشی بھی کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں سے پوچھ تاچھ بھی کی جا رہی تھی اور گاڑیوں کی بھی تلاشی کی جا رہی تھی۔۔شاہدین نے بتایا کہ دکانداروں سے بھی پوچھ تاچھ کی جا رہی تھی اور خاص طور پر ان سے سیلز مینوں کی تفصیلات طلب کی جاتی تھیں۔

بتادیں کہ حالیہ شہری ہلاکتوں جن میں ایک سیلز مین کی ہلاکت بھی شامل ہے، کے پیش نظر سری نگر کے قرب و جوار میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر وزارت امور داخلہ نے جموں وکشمیر میں سی آر پی ایف کی اضافی کمپنیاں تعینات کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 25 کمپنیوں کو یہاں پہلے ہی تعینات کیا گیا ہے جبکہ کشمیر میں ایک ماہ کے دوران ہونے والی شہری ہلاکتوں کے پیش نظر مزید پانچ کمپنیوں کو ایک ہفتے میں یہاں تعینات کیا جائے گا۔


یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img