منگل, ستمبر 1, 2026
30.6 C
Srinagar

کشمیر میں سردی کی لہر برابر جاری، پہلگام سرد ترین جگہ

سری نگر/ وادی کشمیر میں بیشتر مقامات پر پارہ معمول کے درجہ حرارت سے نیچے رہنے کے باعث سردی کی لہر برابر جاری ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں فی الوقت برف و باراں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 16 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں گذشتہ تین دنوں سے لگاتار یہی درجہ حرارت درج ہو رہا ہے۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

دریں اثنا وادی میں جمعرات کو بھی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی تاہم سردی سے بچنے کے لئے دفاتر، دکانوں اور کام کی دیگر جگہوں پر گرمی کے آلات جیسے ہیٹروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ موسم خزاں میں ہی موسم سرما جیسی سردی محسوس کی جا رہی ہے جس سے لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف سردی میں اضافہ دوسری طرف بجلی کی آنکھ مچولی نے شہر و گام کے لوگوں کا جینا کا دو بھر کر دیا ہے۔

بتادیں کہ وادی میں ماہ گذشتہ کی 23 اور 24 تاریخ کو ہونے والی برف باری اور بارشوں سے سرما سے پہلے ہی سرما جیسی سردی محسوس کی جا رہی ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ اور کانگڑی کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔


یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img