کشمیر میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور موبائل فون کالنگ خدمات بحال

کشمیر میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور موبائل فون کالنگ خدمات بحال

سری نگر/ وادی کشمیر میں جمعے کی شام دیر گئے براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور موبائل فون کی کالنگ خدمات بحال کر دی گئیں۔ تاہم موبائل انٹرنیٹ کو بند ہی رکھا گیا ہے۔
یہ خدمات یکم ستمبر کی رات دیر گئے حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین سید علی گیلانی کے انتقال کر جانے کے بعد معطل کی گئی تھیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جیو اور دیگر مواصلاتی کمپنیوں نے جمعے کی شام دیر گئے براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات بحال کر دیں جبکہ تمام مواصلاتی کمپنیوں کی موبائل فون کی کالنگ خدمات بھی بحال کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موبائل انٹرنیٹ معطل ہی ہے اور اس کی بحالی کا فیصلہ اتوار کو لیا جائے گا۔قبل ازیں کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے موبائل سروس (وائس کال) اور تمام انٹرنیٹ سروس پرووائڈرس کی فراہم کردہ براڈ بینڈ انٹریٹ خدمات آج رات دس بجے بحال کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس این ایل کی وائس کالنگ اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ کو پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘تاہم موبائل انٹرنیٹ خدمات اتوار کی دوپہر تک معطل ہی رہیں گی’۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.